لوح محفوظ کے پروف ریڈرز

شدید گرمی، دوپہر کی تپتی دھوپ، آسمان دھواں دھواں تو زمین تانبے کی ایک ایسی تہ کہ جس کے تلے آگ جل رہی ہو۔

ایسے میں باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والا وہ محنت زدہ پختون روزے دار کھدائی کرتے کرتے پسینے کی جگہ خون پانی کررہا تھا۔ وہ اپنے حال پر قانع اور اپنے روزے پر ثابت قدم تھا۔

ایسے میں اس کے سامنے ایک ساتھی بھائی گزرتے ہوئے پان کی پیک کی پچکاری مار کر چلتا بنا۔ پختون بھائی کے صبر کے تمام پیمانے آنِ واحد میں چھلک پڑے۔

اس نے انتہائی اطمینان سے کدال ایک طرف رکھی۔ ماتھے سے پسینہ پونچھا۔ کھدائی کے ماحصل مٹی کے ڈھیر پر ڈھیر ہوا۔ اور آسمان کی طرف سر اٹھا کر اللہ میاں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:

یہ بھی پڑھیں:   ڈورے مون اور ہمارے بچے

"خدایا اگر یہ بندہ مجھے جنت میں نظر آیا تو میں اس کے ساتھ وہی حرکت کروں گا جس کے لیے ہم پٹھان بدنام ہیں۔ "

سچ ہے کہ اللہ کریم کی ہر صفت لامتناہی اور ہمارے تصور کی گرفت سے باہر ہے۔ وہ حلیم ہے ایسا حلیم کہ ہم اس کی بردباری کا اندازہ بھی نہیں کرسکتے۔ وہ بخشنے والا مہربان ہے ایسا کہ ہم سوچ بھی نہیں سکتے وہ کن کن کو بخش چکا ہے اور کن کو بخشنے والا ہے۔

جن کو ہم اخلاق باختہ اور بدکردار سمجھ کر اس کے جہنمی ہونے کا یقین اپنے دلوں میں پیوستہ کرلیتے ہیں کیا خبر وہ کس عمل پر بخشا جاچکا ہے۔ کیا خبر وہ کون سا ایسا عمل کررہا ہے جس کا ہمیں نہیں علم۔

یہ بھی پڑھیں:   اعلیٰ ترین اخلاقی معیار کیا ہے ؟

کچھ لوگ ہماری تحریروں کو پڑھ کر اس تیقن سے ہمارے اوباش و بدکردار ہونے کا کہہ دیتے ہیں کہ اوباش و بدکردار کا معنی جو سمجھا ہوتا ہے اس پر شک ہوجاتا ہے۔

یہ وہی لوگ ہوتے ہیں جو لوح محفوظ کی پروف ریڈنگ کا کام کرتے ہیں۔ اور بوقت ضرورت مناسب ترمیم بھی فرمالیتے ہیں۔

یہ ایسے ہمدرد خصلت لوگ ہوتے ہیں کہ انسان تو انسان،، فرشتوں کے کام آنا بھی اپنا فرض منصبی سمجھتے ہیں اور اکثر بائیں ہاتھ کے فرشتے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی کوشش کررہے ہوتے ہیں

یہ بھی پڑھیں:   ٹھگ بھائیوں سے گزارش

اور جب کسی مبغوض و مقہور میں اللہ میاں کوئی اچھائی لکھ لیتے ہیں تب پورے مسودہ کی تنسیخ کا حق بھی یہی صاحبان محفوظ رکھتے ہیں۔

(393 مرتبہ دیکھا گیا)

شاد مردانوی

جنابِ شاد کے لیے اگر یہ کہا جائے کہ وہ چلتی پھرتی لغت ہیں تو شاید غلط نہ ہوگا۔ ان کی اردو در اصل اردو نہیں بلکہ معرب و مفرس کسی ماورائے اردو شئے کی تارید کہی جاسکتی ہے۔ علم دوست ہونے کے ساتھ ساتھ منکسر المزاج بھی ہیں اور مطالعے کو اوڑھنا بچھونا رکھتے ہیں۔ ان کی ہنر کاری ان کی تحریروں سے عیاں ہے۔

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

2 تبصرے

  1. Sami Khan says:

    اب یہ ہوگئی نہ بات۔ یار تم ہمیشہ لاجواب کردیتے ہو، بخدا

تبصرہ کریں