وقت سے مت کھیلو

قَالَ تَبَارَکَ وَ تَعَالَی
وَالْعَصْرِ
قیمَۃُ الزَمَنِ عِنْدَ العُلَمَاءِ۔

تم۔۔۔۔۔۔!
ہاں تم پھر میرے مخاطب ہو۔
میرے خطاب کے منقش کپڑے کے ہر تانے اور بانے میں تم ہی پھول بن کر ابھرتے رہے ہو۔
تم کو لیکن آج چبھن کا احساس نہ ہوگا۔ کہ میں آج سوئے سے نہیں پوروں سے جلاہی کررہا ہوں۔ میں تمہیں یہ سکون بخش بات بتانا چاہتا ہوں کہ تم ہی تو میں ہوں۔ میری سماعت میرے تکلم کا پہلا اور قریبی ہدف ہے۔ اور "تم" کا نشانہ میں بھی تو ہوتا ہوں۔
تو آؤ اس سے پہلے کہ وقت کے ضیاع کی سرزمین پر چار قدم، چہل قدم بنے۔ ہم جوہر خطاب پر آتے ہیں۔
دیکھو وقت تمہاری روح کے بعد سب سے بڑی حقیقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:   آرزو کا پُتلا - سالگرہ کے موقع پر

تم وقت سے مت کھیلو۔
میں تمہیں بتانا چاہتا ہوں کہ وقت کا کھلونا فرد نہیں اقوام ہوا کرتا ہے۔ وقت سلطنتوں سے کھیلتا آیا ہے۔ اور ان کھلونوں کو توڑتا آیا اور مقبرہ عبر* میں دفناتا آیا ہے۔

تم اپنے دست یاب وسائل سے وقت کا بال بھی بیکا نہیں کر سکتے۔
کوئی ارسطاطالیس* ہوا کرتا تھا۔ اس کی فکر اگلوں پچھلوں سے بڑھ کر تھی وہ کیا ہوا۔۔۔؟
کوئی سلیمان ہوا کرتا تھا۔ اس کی دسترس سی دسترس کس کو ملی؟ وہ کیا ہوا۔۔۔۔؟
یہ سب وقت کے ہاتھوں مارے گئے۔ یہ سب وقت کے ہاتھوں ہارے گئے۔
تم بھی وقت سے مارے جاؤگے۔ تم بھی وقت سے ہارے جاؤگے۔
جو خدا سے کبھی نہ ڈرا۔ پھر ایک لمحے کے لیے ڈر کے جیا۔ وہ بخشا گیا۔
لیکن جو وقت سے ایک لمحے کے لیے نہیں ڈرا۔ پھر ساری حیاتی وقت سے ڈر کے جیا۔ وقت ایسا کینہ پرور ہے کبھی اس کے لیے اس ایک لمحے کی بخشش نہ دی۔
تو میں تمہیں کہتا ہوں۔ تم رب سے نہیں ڈرتے۔ مت ڈرو۔ لیکن تم وقت سے ڈرو۔ مادہ اور مادہ سے جڑی اشیاء کے لیے وقت سے مہلک عنصر کوئی نہیں۔
یہ گزرتا نہیں گزار دیتا ہے

یہ بھی پڑھیں:   پیش خیمہ موت کا خوابِ گراں ہو جائے گا

اگر وقت نہ ہوتا تو تم امر ہوسکتے تھے۔ اب وقت ہے اور تمہیں موقع دے رہا ہے۔ کہ تم امر ہوسکتے ہو۔ یہ موقع جان لو۔ اس کو موقع مان لو۔
وقت سے مت کھیلو۔
وقت کی قدر کرو۔


شاد مردانوی
مقبرہ عِبَر:---عبرت کا قبرستان۔ عِبَر عبرت کی جمع
ارسطاطالیس:---ارسطو کا پورا نام

(186 مرتبہ دیکھا گیا)

شاد مردانوی

جنابِ شاد کے لیے اگر یہ کہا جائے کہ وہ چلتی پھرتی لغت ہیں تو شاید غلط نہ ہوگا۔ ان کی اردو در اصل اردو نہیں بلکہ معرب و مفرس کسی ماورائے اردو شئے کی تارید کہی جاسکتی ہے۔ علم دوست ہونے کے ساتھ ساتھ منکسر المزاج بھی ہیں اور مطالعے کو اوڑھنا بچھونا رکھتے ہیں۔ ان کی ہنر کاری ان کی تحریروں سے عیاں ہے۔

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

تبصرہ کریں